بادل پھٹنے سے ہوئے نقصان کا جائزہ، بھر پور مدد کی یقین دہانی
سرینگر/25جولائی: صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج نئی دلی سے سرینگر لوٹتے ہی فقیر گوجری ہارون جاکر وہاں کل بادل پھٹنے اور طوفانی باد باران سے آئی طغیانی کے نتیجے میں رہائشی مکانات، رابطہ سڑکوں، بجلی کھمبوں اور کلوٹوں کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔ اُن کے ہمراہ جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سید عابد رشید اور یوتھ لیڈر احسان پردیسی بھی تھے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے ڈاکٹر عبد اللہ کو پوری بستی میں ناگہانی اور سماوی آفت سے ہوئی نقصان کے بارے میں تفصیلات دیئے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مقامی آبادی سے بات کی اور زمینی صورتحال سے بھی آگاہی حاصل کی۔ انہیں بتایا گیا کہ ایک مسجد شریف کو زبردست نقصان پہنچا ہے جبکہ رابطہ سڑکیں ڈھہ گئی ہیں،بجلی کے کھمبے اکھڑ آئے ہیں اور مکانات کو بھی جزوی نقصان ہوا ہے۔سی این آئی کے مطابق اس موقعے پر موجود آبادی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ کل یہاں بہت نقصان ہوا تاہم ہمیں اللہ کا شکر گزار ہونا چاہئے کہ جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہمیں ہمیشہ اللہ کے خوف میں رہ کر ہی اپنی زندگی گزارنی چاہئے کیونکہ وہی ہمارا مددگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ یہاں کے سڑکوں کو ایک ہفتے کے اندر اندر قابل آمد و رفت بنایا جائے گا اور 2یا 3روز کے اندر اندر بجلی اور پانی کی مکمل سپلائی بحالی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ جتنے بھی کلوٹ کل بہہ گئے ہیں اُن کی تعمیر کیلئے وہ اپنے ایم پی فنڈ میں سے رقومات واگذار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے مقامی ہسپتال کیلئے میں نے پہلے ہی ایک ایمبولنس فراہم کی ہے جو جلد ہی یہاں لائی جائیگی اور اس ہسپتال میں الٹرا ساؤنڈ مشین نصب کرنے کیلئے بھی میں رقومات واگذار کروں گا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مقامی آبادی کو یقین دلایا کہ وہ ہارون، تیل بل، کھمبر اور دیگر مقامات پر بادل پھٹنے کے نتیجے میں متاثر ہوئے لوگوں کی فوری بازآبادکاری اور امداد کاری کیلئے گورنر انتظامیہ کے ساتھ بھی بات کریں گے۔ دریں اثناء ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نالہ تیل بل میں دو نوجوانوں کے پانی کے ریلے میں بہہ جانے اور گذشتہ روز سربند ہارون میں دو سگے بھائیوں کے غرقآب ہونے پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے غرقآب ہوئے افراد کے حق میں کلمات ادا کئے اور اُن کے پسماندگان خصوصاوالدین کو صبر جمیل عطا کرنے کیلئے دعا کی۔ اِدھر پارٹی کے سینئر نائب صدر صوبہ و سابق ایم ایل اے حضرت بل محمد سعید آخون نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ تیل بل کی 5بستیاں زیر آب آنے سے ہوئے نقصان کا فوری طور جائزہ لیا جائے اور تخمینہ لگاکر متاثرین کی امدادکاری کی جائے۔
Comments are closed.