اننت ناگ جھڑپ کے پیش نظر انتت ناگ اور کولگام میں انٹرنیٹ سہولیات بند

بانہال سرینگر ریل سروس ایک مرتبہ پھر معطل ، مسافر نالاں ، انتظامیہ کے خلاف برہمی کا اظہار

سرینگر/25جولائی: جنوبی ضلع اننت ناگ میں خونین معرکہ آرائی کے پیش نظر اننت ناگ اور کولگام میں عارضی طور پر انٹرنیٹ سروس کو بند رکھا گیا ہے جبکہ بانہال سرینگر ریل سروس کو بھی احتیاطی طور پر معطل کیا گیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق اننت ناگ میں خونین معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجوؤں کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں انٹرنیٹ سروس پر عارضی طور پر پابندی لگائی گئی ہے ۔ اس ضمن میں ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ کولگام میں جھڑپ کے پیش نظر انٹرنیٹ کو اسلئے بند کیا گیا ہے تاکہ جھڑپ کے بعد حالات کو مزید خراب ہونے سے روکا جاسکے ۔ اس دوران بانہال سرینگر ریل سروس کو بھی احتیاطی طور پر معطل رکھا گیا ہے تاہم بارہمولہ سرینگر ریل سروس حسب معمول جاری ہے۔ ادھر جنوبی کشمیر میں بار بار انٹرنیٹ سروس پر پابندی لگانے پر تجارت پیشہ افراد اور طلبہ نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کی وجہ سے انہیں شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیوں کہ آج کے جدید ٹیکنالوجی کے دور میں انٹرنیٹ سے ہی طلبہ کو متعلقہ اداروں تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے جبکہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کی جانب سے اہم نوٹفکیشن بھی اب انٹرنیٹ پر ہی شائع ہوتی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق تاجروں نے کہا کہ مارکیٹ ریٹ ، لین دین اور دیگر اہم کاموں کیلئے انٹرنیٹ سہولیات کافی اہمیت کی حامل ہے لیکن بار بار پابندی سے ہمارا کافی نقصان ہورہا ہے ۔

Comments are closed.