پروفیسرطلت احمد سنبھالیں گے دوسری مرتبہ جامع کشمیرکی کمان
سری نگر:٢٥،جولائی:کے این این / اب یہ بات طے ہے کہ علاقائی اوربین الااقوامی سطح کے ماہرارضیات اوراعلیٰ منتظم پروفیسرطلت احمددوسری مرتبہ یونیورسٹی آف کشمیرمیں نائب رئیس یعنی وائس چانسلر کی ذمہ داری سنبھالیں گے کیونکہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یوجی سی) کی مقررکردہ سرچ یاتلاش کمیٹی نے پروفیسرطلت کے نام پراپنی مہرثبت کردی۔خیال رہے پروفیسرطلت اسے پہلے 2011سے2014تک کشمیریونیورسٹی کے وائس چانسلرکی ذمہ داری نبھاچکے ہیں ۔کے این این کومعلوم ہواکہ یونین پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین پروفیسرڈی پی اگروال کی سربراہی میں قائم کی گئی تلاش یاسرچ کمیٹی نے یونیورسٹی آف کشمیرکیلئے نئے وائس چانسلرکاانتخاب عمل میں پیش کئے گئے ناموں یاشارٹ لسٹ کئے گئے اُمیدواروں کے ناموں پرغوروخوض کے بعدیہ فیصلہ لیاکہ وائس چانسلرجامع ملیہ اسلامیہ نئی دہلی پروفیسرطلت احمدکوپھرایک مرتبہ یونیورسٹی آف کشمیرکی کمان سونپی جائے ۔مذکورہ اعلیٰ سطحی کمیٹی نے ریاست میں قائم دونوں یونیورسٹیوں یعنی یونیورسٹی آف کشمیراورجموں یونیورسٹی کیلئے نئے وائس چانسلروں کاانتخاب عمل میں لایاجسکے تحت سال2011سے2014تک کشمیریونیورسٹی کی کمان سنبھال چکے ماہرارضیات اوراعلیٰ منتظم پروفیسرطلت احمدکودوسری مرتبہ کشمیریونیورسٹی کے وائس چانسلرکی ذمہ داری سونپی گئی جبکہ پروفیسر منوج دھرکوجموں یونیورسٹی کاوائس چانسلرمقررکیاگیا۔۔خیال رہے پروفیسرطلت ،یونیورسٹی آف کشمیرکے موجودہ وائس چانسلرپروفیسرخورشیداقبال اندرابی کی جگہ سنبھالیں گے جنہیں سال 2014میں پروفیسرطلت احمدکاتبادلہ عمل میں لائے جانے کے بعدیونیورسٹی آف کشمیرکی کمان سونپی گئی تھی۔تاہم اکتوبر2017میں جب پروفیسراندرابی کی معیاد پوری ہوئی تواُنکی جگہ نئے وائس چانسلرکی تلاش شروع کردی گئی تھی ۔لیکن بعدازاں پروفیسرخورشیداقبال اندرابی کی معیادمیں توسیع کی گئی ،اوراسی بناء پرموصوف اکتوبر2017کے بعدسے کشمیریونیورسٹی کی کمان سنبھالے ہوئے تھے ۔غورطلب ہے کہ سال1948میں کشمیریونیورسٹی کاقیام عمل میں لائے جانے کے بعداسوقت کے اعلیٰ منتظم اورماہرتعلیم پروفیسرقاضی مسعودحسن کوکشمیریونیورسٹی کاپہلاوائس چانسلرمقررکیاگیاتھا،اورمرحوم اس عہدے پرایک سال کیلئے تعینات رہے ،جسکے بعدجسٹس جے این وزیرکوکشمیریونیورسٹی کی کمان سونپی گئی ،اوروہ اس عہدے پر1949سے1957تک برقراررہے ۔اب جبکہ پروفیسرطلت احمدکے نام پرمہرثبت کی جاچکی ہے تووہ یونیورسٹی آف کشمیرکے 20ویں وائس چانسلرہونگے ۔
Comments are closed.