پولیس نے کیا لاٹھی چارج ،درجن بھر حراست میں لئے گئے
سرینگر:۲۴،جولائی: پو لو ویو سرینگر اور اسکے مضافات میں اُس وقت افراتفری پھیل گئی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جب پولیس نے ساکشھر بھارت مشن ملازمین کی جانب سے راج بھون گھیراؤ کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے لاٹھیوں کا استعمال کیا جبکہ درجنوں ملازمین کو حراست میں بھی لیا گیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق مرکزی اسکیم ساکشھر بھارت مشن کے تحت کام کرنے والے عارضی ملازمین نے منگل کو اپنے مطالبات کو لیکر احتجاج کیا ۔سٹی رپورٹر کے مطابق درجنوں ملازمین پولو ویو میونسپل پارک میں جمع ہوئے ،جہاں انہوں نے اپنی ملازمت کو مستقل کرنے کے مطالبے کو لیکر دھرنا دیا ۔مظاہرین نے بتایا کہ وہ برسوں سے محکمہ تعلیم میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے ہیں ،لیکن ابھی تک ریاستی حکومت نے اُنکی مستقلی کے حوالے سے کوئی پالیسی مرتب نہیں کی ۔سٹی رپورٹر نے بتایا کہ پارک میں اپنے مطالبات کو لیکر احتجاجی دھرنا دینے کے بعد ملازمین نے طے شدہ پروگرام کے تحت راج بھون کی جانب مارچ نکالنے کی کوشش کی ۔ملازمین نے جونہی پارک سے نکلنے کی کوشش کی ،تو یہاں پہلے سے تعینات پولیس کی بھاری نفری نے اُن کا راستہ روکا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی ۔اگر چہ پولیس نے ملازمین کو منتشر ہونے کیلئے کہا ،تاہم وہ احتجاجی مارچ نکالنے پر بضد رہے ۔ملازمین نے گور نر این این ووہرا کی رہائش گاہ راج بھون کی جانب مارچ جاری رکھا ،جس دوران پولیس کارروائی عمل میں لاتے ہوئے احتجاجی ملازمین کو تتربترکرنے کیلئے لاٹھیوں کا استعمال کیا ۔ لاٹھی چارج کے نتیجے میں جلوس میں کھلبلی مچ گئی اور ملازمین ادھر ادھر باگنے لگے ،جسکی وجہ سے یہاں افراتفری پھیل گئی ۔احتجاجی مظاہروں اور پولیس کارروائی کے باعث ریذ یڈنسی روڑ پر ٹریفک کی نقل وحرکت متاثر ہوئی ،بعد ازاں یہاں حالات معمول پر آگئے ۔
Comments are closed.