سی آر پی ایف کانسٹبل ہلاک ، ایک زخمی ، سرینگر میں ہائی الرٹ ، حزب نے کی حملے ذمہ داری قبول
سرینگر/24جولائی: سیکورٹی کے سخت انتظامات کے بیچ جنگجوؤں نے اپنی موجودگی کا بھر پور احساس دلاتے ہوئے دن دھاڑے سرینگر کے بٹہ مالو علاقے میں سی آر پی ایف کی پارٹی کو نشانہ بنا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ۔ حملے کے فورا بعد سرینگر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے حملہ آور جنگجوؤں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ۔ ایس ایس پی سرینگر نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں سی آر پی ایف کا ایک جوان ہلاک ہوگیا ۔ ادھر عسکری تنظیم حزب المجاہدین نے حملے کی ذمہ دار ی قبول کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق شہر سرینگر کے مصروف ترین بازار بٹہ مالو میں اس وقت سنسنی اور افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب فائیر اینڈ ایمر جنسی ہیڈ کواٹر کے سامنے جنگجوؤں نے دن دھاڑے سی آر پی ایف کی 23بٹالین سے وابستہ گشتی پارٹی کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے میں اتھل پتھل مچ گئی جب لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ اسی دوران حملے کے ساتھ ہی آس پاس کھڑی فورسز کی مزید کمک جائے واردات پر پہنچ گئی جنہوں نے تین سی آر پی ایف اہلکاروں کو خون میں لت پت دیکھ کر انہیں اسپتال منتقل کیا جہاں ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔اسی دوران حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس وفورسز کے اعلیٰ حکام جائے موقعہ پر پہنچ گئے صورتحال کا جائزہ لیا ،پولیس و فورسز نے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی تاہم کسی کے گرفتار ہونے کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ ایس ایس پی سرینگر نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ دو جوان زخمی ہوئے جن میں سے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ۔اسی دوران حملے کے فورا بعدشہر سرینگر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا جس دوران حملہ آور جنگجوؤں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور جنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے کوئی مقامات پر تلاشی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی تاہم کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ۔ ادھر عسکری تنظیم حزب المجاہدین نے بٹہ مالو حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو موصولہ بیان کے مطابق حزب ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سی آر پی ایف پر حملہ کیا جس میں ایک اہلکار کی موت جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے ۔سی این آئی
Comments are closed.