جنوبی کشمیر میں منشیات کا دھندہ پھیل رہا ہے تیزی کے ساتھ

عوامی حلقوں میں غم و غصہ ، ملوث افراد کے خلاف کاررائی کی مانگ

سرینگر/21جولائی: جنوبی کشمیر کے اکثر علاقوں میں منشیات کا دھندہ اور کاروبار تیزی سے پھیل رہا ہے اور روز بروز نوجوان منشیات کے عادی بن رہے ہیں ۔جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے اکثر دیہات اور علاقہ جات میں چرس، فکی، شراب اور دیگر منشیات کی خریدو فراخت اور اس کا استعمال کھلے عام ہو رہا ہے ۔ کرنٹ نیو ز آف انڈیا نمائندے کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام،اننت ناگ اور پلوامہ کے بیشتر علاقوں میں شراب اور دوسری منشیات کی چیزیں کھلم کھلا فروخت کر تے نظر آرہے ہیں ۔ اور اس طرح نوجوان طبقہ جو کہ بے روزگاری کی وجہ سے تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق منشیات کے استعمال کے عادی بن گئے ہیں ۔ اگرچہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منشیات میں ملوث نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے اور ان کے خلاف کیس بھی درج کئے گئے ہیں تاہم اس لعنت پر قابو پانا مشکل دکھائی دیتا ہے ۔ کیوں کہ جو لوگ غیر قانونی طور منشیات کا کاروبار کرتے ہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سرینگر جموں شاہراہ پر واقع اکثر دکاندار سبزی و دیگر اشاء کے کاروبار کی آڑ میں منشیات کا دھندہ کرتے ہیں ۔ اس سلسلے میں عوامی حلقوں نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ منشیات میں ملوث افراد کی نکیل کسنے کیلئے موثر اقدامات اُٹھائے جائیں۔

Comments are closed.