کولگام میں چھٹی پر گھر آئے ٹرینی پولیس اہلکار دوران شب اغوا

نعش قیمو سے بر آمد ، علاقے میں کہرام ، کیس درج ، تحقیقات شروع

سرینگر/21جولائی: ضلع کولگام دوران شب نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں اغوا کئے گئے پولیس اہلکار کی نعش سنیچروار کو قیمو علاقے سے بر آمد کی گئی ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوؤں کے دوران شب چھٹی پر گھر آئے پولیس اہلکار کو اغوا کیا تھا جس کے بعد اسے ہلاک کیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق ضلع کولگام کے متلہامہ گاؤں کے رہنے والے محمد سلیم شاہ ولد عبدالغنی شاہ کے گھر میں گذشتہ شب نامعلوم بندوق برداروں کی ایک جمعت زبردستی داخل ہوئی جنہوں نے بندوق کی نوک پر محمد سلیم شاہ جو کہ جموں و کشمیر پولیس میں بطور سپاہی کام کررہا ہے کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ۔ اس موقع پر اگرچہ محمد سلیم کے اہلخانہ نے بندوق برداروں کے سامنے کافی منت سماجت کی تاہم انہوں نے پولیس اہلکار کو نہیں چھوڑا ۔ سی این آئی کو معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ پولیس اہلکار پہلے بطور ایس پی او کام کررہا تھا اور حال ہی میں اس کی نوکری مستقل ہوئی اور اس وقت وہ کٹھوعہ میں ٹریننگ کررہا تھا اور کچھ روز قبل ہی چھٹیوں پر گھر آیا ہوا تھا۔ اسی دوران علاقے میں سنیچروار کے بعد دوپہر اس وقت کہرام مچ گیا جب گزشتہ شب اغوا کئے گئے پولیس اہلکار کی نعش قیمو علاقے سے بر آمد کی گئی پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قیمو کے گھاٹ اودی پورہ علاقے میں نعش بر آمد ہونے کے بعد پولیس کی ٹیم نے جائے واردات پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور ضروری لوازمات کی ادائیگی کے بعد مہلوک اہلکار کو آخری رسومات کیلئے لواحقین کے حوالے کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات کا سلسلہ شروع کیا ہے اور جلد ہی پولیس اہلکار کی ہلاکت میں ملوث جنگجوؤں کی نشاندہی کی جائیگی ۔

Comments are closed.