تعطل کے شکار مذاکرات کی بحالی ناگزیر

نئی دلی اٹانومی کی مکمل بحالی میں مزید دیر نہ کرے: ڈاکٹر کمال

سری نگر:۲۰،جولائی: ہندوستان اور پاکستان پر تعطل کے شکار مذاکرات کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی پُرزور اپیل کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے کہا کہ دونوں ممالک کو لیت و لعل کی پالیسی ترک کرکے مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔کے این این کے مطابق دونوں پڑوسی مذاکراتی عمل میں مسئلہ کشمیر سرفہرست رکھ کر اس پیچیدہ مسئلہ کا کوئی قابل قبول حل تلاش کریں جو سبھی کیلئے قابل قبول ہو، ایسا حل جو ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتاہو کیونکہ یہاں کے عوام ہی اس مسئلے کے حقیقی اور اصلی فریق ہیں ۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان سے تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے اٹانومی کی بحالی کے ایجنڈا اور پالیسی پر قائم ہے اور یہی ایک ایسا حل ہے جو سب کیلئے قابل قبول ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہندوستان واقعی جموں وکشمیر اور خطے میں دیرپا امن اور شانتی کی متمی ہے تو نئی دلی کو دفعہ370کی مکمل بحالی، 1953سے پہلے کی پوزیشن اور دہلی اگریمنٹ کو بحال کرنا ہوگا اور ساتھ ہی جموں و کشمیر کی 9ویں اسمبلی کی طرف سے 1999میں منظور شدہ قرار اٹانومی کو قبول کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہمارا یہی موقف ہے کہ اگر اٹانومی سے بہتر کوئی ایسا حل ہے جو یہاں کے لوگوں کے جذبات اور احساسات کی ترجمان کرتا ہے تو ہم اس قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کی ضامن صرف اور صرف نیشنل کانفرنس ہی ہوسکتی ہے ،یہی وجہ ہے کہ اس جماعت کیخلاف ہر سمت سے سازشیں جاری ہیں اور اسے مرعوب کرنے کیلئے ہر ہتھکنڈا اپنایا گیا ، جس کے انکشافات وقت وقت پر ہوئے اور آج بھی ہورہے ہیں۔ لیکن لوگوں کے بھر پور تعاون اور اشتراک سے ہر بار دشمنوں کی چالیں اور سازشیں ریت کی دیوار ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس آج بھی عوام کے دلوں میں بستی ہے اور عوام کے صفوں میں نیشنل کانفرنس کے خلاف زہر اگلنے اور بے بنیاد باتیں پھیلانے سے حقیقت کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس آج بھی اپنے شہدا ء کے خوشحال، خودکفیل، خودمختار اور جمہوری ملک کشمیر کے مشن پر گامزن ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کارکنوں اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں ۔

Comments are closed.