2ماہ کے دوران 8نوعمرکشمیری لڑکیوں کی گمشدگی
مذہبی واخلاقی تعلیم سے دُوری اورکھلے پن کانتیجہ :ماہرین سماجیات
سری نگر:۱۹،جولائی: کشمیرکی نوجوان نسل میں منشیات کی لت اورخودکشی کے رُجحان کے بعداب نوجوان اورنوعمرلڑکیوں کی پُراسرارگمشدگی یاوالدین سے بغاوت کئے جانے کے واقعات نے سماجی اورعوامی حلقوں میں تشویش پیداکردی ہے کیونکہ گزشتہ 2ماہ کے دوران کم سے کم 8لڑکیوں لاپتہ ہوئی ہیں یاکہ گھروالوںکوچکمہ دیکرکسی جاننے والے کیساتھ بھاگ چکی ہیں ۔پولیس کیلئے بھی نوجوان لڑکیوں کی گمشدگی کے واقعات ایک نیاچیلنج بن چکے ہیں کیونکہ کئی ایسی لڑکیوں کی بازیابی کیلئے پولیس کوبیرون واد ی اوربیرون ریاست خصوصی ٹیمیں روانہ کرناپڑتی ہیں ۔کے این این کے مطابق رواں برس 14مئی سے 9جولائی تک سری نگرشہرسمیت وادی کے مختلف علاقوں میں 8نوعمراورنوجوان لڑکیوں کے پُراسرارطورلاپتہ ہوجانے یاوالدین سے بغاوت کرکے گھرسے بھاگ جانے کے واقعات رونماہوچکے ہیں ،اوریہ سبھی واقعات نزدیکی پولیس تھانوں میں رپورٹ کئے گئے ہیں ۔14مئی کوکھیربل مٹن سے ایک 18سالہ دوشیزہ لاپتہ ہوگئی جبکہ اسی روزراجوری کی رہنے والے ایک19سالہ لڑکی جواہل خانہ کیساتھ وانگنڈتیل بل سری نگرمیں مقیم تھی ،پُراسرارطورپرلاپتہ ہوگئی ۔دونوں لڑکیوں کی گمشدگی سے متعلق رپورٹ متعلقہ پولیس تھانوں میں درج کرائی گئی ،اورپولیس نے ان دونوں نوجوان لڑکیوں کی تلاش شروع کردی ۔20جون کولعل ازارسری نگرسے ایک نوعمرلڑکی کے لاپتہ ہونے کامعاملہ سامنے آیاجبکہ یہ لڑکی تین روزقبل یعنی17جون کوہی پُراسرارطورپرلاپتہ ہوگئی تھی ۔اسی طرح سے اگلے ہی روز21جون کوسری نگرکے پاندریٹھن علاقہ کی رہنے والی ایک 19سالہ لڑکی لاپتہ ہوگئی اوراہل خانہ نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ پانتہ چوک میں گمشدگی سے متعلق رپورٹ درج کرادی ۔27جون کوسری نگرکے ہی بژھ پورہ علاقہ کی رہنے والی ایک لڑکی کے پُراسرارطورپرلاپتہ ہوجانے کے بعدپولیس تھانہ صور ہ نے اس لڑکی کی بازیابی کیلئے عوام سے تعاون طلب کیا۔جولائی کے مہینے میں تین نوعمراوربالغ لڑکیاں لاپتہ ہوگئیں ،جن میں 2جولائی کوپُراسرارطورپرلاپتہ ہوئی ایک 17سالہ لڑکی بھی شامل تھی ۔5جولائی کوچھانہ پورہ سری نگرمیں ایک18سالہ کشمیری لڑکی گھرسے لاپتہ ہوگئی ۔اہل خانہ نے نزدیکی پولیس چوکی میں جاکررپورٹ درج کراتے ہوئے بتایاکہ سترہ سالہ طالبہ گھرسے اسکول جانے کے بعدواپس گھرنہیں پہنچی ۔9جولائی کوباغات برزلہ سری نگرسے ایک نوجوان لڑکی پُراسرارطورپرلاپتہ ہوگئی ۔ادھرماہرین سماجیات اورنفسیات کامانناہے کہ نوجوان لڑکیوں کے پُراسرارطورپرلاپتہ ہوجانے یاگھرسے بھاگ جانے کے واقعات کی کئی ایک وجوہات ہیں ،جن میں بچوں کومذہبی واخلاقی تعلیم نہ دینایادلانا،بچوں کے تئیں والدین کی لاپرواہی یاعدم توجہی ،بے راہ روی ،سوشل میڈیاکی عادت اورلڑکیوں کے موبائل فون کے ذریعے نوجوانوں کیساتھ تعلقات قائم کرنابھی شامل ہے۔
Comments are closed.