سڑک ،چٹانیں کھسکنے ،ریل اور اقدام خود کشی کے واقعات

ایک خاتون سمیت4افراد لقمہ اجل ،2خواتین سمیت7افراد زخمی

سری نگر:۱۹،جولائی: پیر پنچال کے آر پار جمعرات کومانسبل گاندربل ،اوڑی ،سانبہ اور ڈوڈہ میں سڑک ،چٹانیں کھسکنے ،ریل اور اقدام خود کشی کے واقعات کے دوران ایک خاتون سمیت4افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ2خواتین سمیت7دیگر افراد زخمی ہوئے جن میں کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق سرحدی تحصیل اوڑی میں سڑک کے ایک حادثہ میں 7افراد زخمی ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ گر کوٹ اوڑی بارہمولہ میں جمعرات کو ایک مسافر کو گاڑی کو حادثہ پیش آیا ۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ مسافر گاڑی اوڑی سے منگو موڑ کی طرف جارہی ہے ،جس دوران گاڑی ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور ماگرے موڑ کے مقام پر سڑک پر پلٹ گئی ،جسکے نتیجے میں گاڑی میں سوار7مسافر زخمی ہوئے ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ رونما ہونے کے بعد ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوا ۔زخمیوں کو سب ضلع اسپتال اوڑی میں داخل کیا گیا جہاں سے نور محمد کو تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال بارہمولہ کیلئے علاج ومعالجہ کی خاطر منتقل کیا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ مسافر کے بازوں میں کی ہڑی ٹوٹ گئی ۔زخمیوں میں 65سالہ نورمحمددارولدنورالدین ،25سالہ ظہوراحمدنائیک ولدعبدالرشید،26سالہ نصیراحمدملک ولدعبدالعزیز،30سالہ شفیق احمدمغل ودمحمدرفیق ،20سالہ بشارت احمدچیچی ولدعبدالرشید،16سالہ نسیمہ اختردخترمحمددین چیچی اور60سالہ مغلی بیگم زوجہ شامل ہیں ۔اس دوران اس دوران گاندر بل میںاُس وقت قیامت صغریٰ بپا ہوئی جب یہاں پتھر کی کان میں کام کرنے والا ایک مزدور چٹانیں کھسکنے کے ایک حادثے میں ہلاک ہوا ۔معلوم ہوا ہے کہ مانسبل گاندر بل میں بشیر احمد ملہ نامی مزدور پتھر مولہ کندبل مانسبل گاندر بل میں پتھر کھسکنے کے دوران ایک بڑے چٹان کی زد میں آیا ۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ چٹان کے نیچے زندہ دب گیا جسکی وجہ سے اُسکی موقعے پر ہی موت ہوگئی ۔پولیس نے معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیا۔اس دوران جمعرات کو28سالہ شخص ریل گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوا ۔معلوم ہوا ہے کہ ریل گاڑی زیر نمبر 74633نے سرینگر ۔بڈگام کے درمیان وانبل راولپورہ کے مقام پر ٹکر ماری جسکے نتیجے میں اسکی موت ہوگئی ۔مہلوک شہری کی موت ارجن کمار ولدبسنت رام ساکنہ پٹھان کوٹ کے بطور ہوئی ۔ادھر سانبہ میں ریل کے ایک حادثے میں35سالہ خاتون لقمہ اجل بن گئیں ۔معلوم ہوا ہے کہ سانبہ جموں میں ریلوے ٹریک عبور کرنے کے دوران رایا موڑ کے مقام پر بدھ کی شب ٹرین کی زد میںآئی ۔ریلوے پولیس کے مطابق اس حادثے میں خاتون جسکی فوری شناخت نہیں ہوئی ،کی موت ہوگئی ۔اس دوران ڈوڈہ جموں میں 60سالہ ویلیج ڈیفنس کمیٹی (وی ڈی سی ) ممبر نے خود کشی کرکے زندگی کا خاتمہ کیا ۔پولیس ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق بلجیت رائے نامی وی ڈی سی ممبرنے لدو کانسرگائوں میں خود پر گولی مار زندگی کا خاتمہ کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں گولی چلنے کی آواز سنی گئی ،جس دوران لوگ جائے واقعہ پر پہنچ گئے ،جہاں انہوں نے رائے کو خون میں لت پت پایا ۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ وی ڈی سی ممبر نے اپنے سینے میں گولی چلائی تھی ،جسکی وجہ سے اُسکی موت ہوگئی ۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ممبر نے لائسنس یافتہ303بندوق کا استعمال کیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ رائے مرض میں مبتلاء تھا اور اُس نے ذہنی دبائو میں یہ انتہائی سخت قدم اٹھایا ۔تاہم پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔

Comments are closed.