رائل اسپرنگس گالف کورس سرینگر میں ڈی پی ورلڈ انڈیا چمپئن شپ کی لوٹس ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر سید قمر سجاد نے کہا کہ جموں و کشمیر محکمہ سیاحت کشمیر کو گالف ٹورازم کے حوالے سے ایک ممتاز اور عالمی معیار کی منزل کے طور پر متعارف کرانے کے لیے عالمی معیار کے گالف کورسز، بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور نوجوان گالفرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چمپئن شپ بھارت میں گالف سیزن کے دوسرے نصف کے آغاز کی علامت ہے اور اس سے کشمیر کا ملک کے گالف نقشے پر مقام مزید مستحکم ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت کشمیر کو ایک پرایمئر گالف ٹورازم مقامات کے طور پر پیش کر رہا ہے اور عالمی معیار کے گالف کورسز کے ساتھ ساتھ غیر ملکی اور ملکی پروفیشنل گالفرس کی شرکت سے خطے میں کھیلوں پر مبنی اعلیٰ درجے کی سیاحت کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے
۔ قمر سجاد نے کہا”ہم کشمیر کو ایک ممتاز گالف ٹورازم منزل کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ عالمی معیار کے گالف کورسز اور 16 غیر ملکی پروفیشنل گالفرس کی شرکت کے ساتھ ہمارا مقصد دنیا بھر کے گالفرز کو کشمیر کی جانب راغب کرنا، مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینا اور ہائی اینڈ اسپورٹس ٹورازم کو تقویت دینا ہے۔“انہوں نے بتایا کہ محکمہ سیاحت نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران گالف سے متعلق متعدد سرگرمیوں اور پروگراموں کا انعقاد کیا ہے۔ ان میں پہلگام میں منعقد کیا گیا محکمہ سیاحت کا پہلا جونیئر گالف ٹورنامنٹ اور رائل اسپرنگس گالف کورس میں گالف کارنیول بھی شامل ہیں۔