لیفٹنٹ گورنر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، دہشت گردی کےخلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

Oplus_131072

جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں موجودہ سکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور امرناتھ یاترا کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری اتل ڈلو، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلن پربھات، پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ شری چندرکر بھارتی، اسپیشل ڈی جی کارڈنیشن ایس جے ایم گیلانی ، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی نتیش کمار، سیکرٹری جی اے ڈی ایم راجو، آئی جی پیز، صوبائی کمشنران ، ایس ایس پیز، ڈپٹی کمشنران اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران لیفٹنٹ گورنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر سے باہر کے علاقوں سے آنے والے مزدوروں اور کارکنوں کے تحفظ کے لیے پہلے سے وضع کیے گئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کا جامع جائزہ لیں اور ان پر مو¿ثر طریقے سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر میں کام کرنے والے ملک کی دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے تمام کارکنوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ لیفٹنٹ گورنر نے ہدایت دی کہ وہ تمام بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے لیے مناسب انشورنس کوریج یقینی بنائیں، جبکہ ان کی مکمل تفصیلات مقامی پولیس اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے پاس درج کرانا بھی لازمی بنایا جائے۔

دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے سیکورٹی اداروں کو مزید مربوط اور مو¿ثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو غیر موثر بنانے کے لیے درست معلومات کی بنیاد پر ہائی امپیکٹ انسدادِ دہشت گردی آپریشنز میں مزید شدت لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو کولگام دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کی باوقار آخری رسومات کو یقینی بنانے اور سوگوار خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں جاری امرناتھ یاترا کے دوران سکیورٹی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے یاتریوں کی محفوظ نقل و حرکت، اہم مقامات پر سکیورٹی تعیناتی اور موجودہ سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیے جا رہے اقدامات سے لیفٹنٹ گورنر کو آگاہ کیا۔

سنہا یاترا کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مزید مستحکم کرنے، مختلف سکیورٹی و انتظامی اداروں کے درمیان قریبی تال میل برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مو¿ثر نگرانی اور فوری ردعمل کے نظام کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں مجموعی سکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، بیرونِ جموں و کشمیر سے آنے والے مزدوروں کے تحفظ اور امرناتھ یاترا کے دوران سکیورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق متعدد اہم امور پر بھی غور و خوض کیا گیا۔

Share This Article
تعمیل ارشاد جموں و کشمیر کا ایک معتبر اردو روزنامہ ہے جو دہائیوں سے غیر جانب دار اور مصدقہ خبریں فراہم کر رہا ہے۔
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے