ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد کو ترجیح دیں سیاسی رہنما/ عبدالقیوم وانی

جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی منظرنامہ انتہائی مایوس کن دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب جموں و کشمیر کے عوام مسلسل بے اختیاری اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں، سیاسی رہنماوں کو متحد ہو کر عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھانی چاہیے، تاہم مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے میں مصروف ہیں۔

اپنے ایک پریس بیان میں عبد القیوم وانی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان جاری الزام تراشی نے نہ صرف ایک دوسرے کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا ہے بلکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری سیاست کی ایک تلخ حقیقت بھی عوام کے سامنے آشکار کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ذاتی سیاسی عزائم کو بارہا جموں و کشمیر کے اجتماعی مفادات پر ترجیح دی گئی۔ جب عوام کو دوراندیش اور مخلص قیادت کی ضرورت تھی، اس وقت نام نہاد سیاسی رہنما اپنی ذاتی سیاسی منزلیں حاصل کرنے میں مصروف رہے اور عوامی بہبود کو ثانوی حیثیت دی گئی۔

وانی نے کہا کہ کشمیر ہمیشہ سے ملک کے سب سے زیادہ سیاسی طور پر باشعور اور حساس عوام میں شمار ہوتا رہا ہے، لیکن گزشتہ برسوں کے دوران انہی سیاست دانوں نے ایسے افراد کے لیے سیاسی میدان میں جگہ مسلسل محدود کی جو حوصلہ، دیانت، کردار اور نئے خیالات کے ساتھ عوامی زندگی میں داخل ہونا چاہتے تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاست کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنانے کے بجائے ذاتی مفادات کے تحفظ کا وسیلہ بنا دیا گیا، جس کے نتیجے میں بہت سے قابل، باصلاحیت اور روشن خیال افراد سیاست سے دور رہنے پر مجبور ہوئے، کیونکہ وہ ایسی سیاسی ثقافت کا حصہ نہیں بننا چاہتے جس میں عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفادات کو فوقیت حاصل ہو۔

وانی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ایسی قیادت کے مستحق ہیں جو انہیں متحد کرے، ان میں اعتماد پیدا کرے اور دیانت داری کے ساتھ کام کرے، نہ کہ ایسے سیاست دانوں کی جو تقسیم، الزام تراشی اور مسلسل سیاسی تماشے کے ذریعے اپنی سیاست چمکانے میں مصروف رہیں۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور سیاسی رہنماو¿ں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی اختلافات اور سیاسی عزائم سے بالاتر ہو کر عوام کی فلاح، عزت و وقار اور مستقبل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔

وانی نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی جماعتیں اور رہنما اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے تو جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم خاموش تماشائی نہیں بنا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورم عوام اور میڈیا کے سامنے ان عناصر کا اصل چہرہ بے نقاب کرے گا جنہوں نے برسوں سے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے سیاسی موقع پرستوں نے نہ صرف عوام کی جمہوری امنگوں کو کمزور کیا بلکہ ملک بھر میں جموں و کشمیر اور اس کے عوام کی شبیہ کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

عبدل قیوم وانی نے کہا کہ تاریخ ہمیشہ ان لوگوں کو یاد رکھتی ہے جو عوام کی خدمت کرتے ہیں، نہ کہ ان لوگوں کو جو صرف اقتدار حاصل کرنے کے خواہاں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام ایسے افراد کے ساتھ کھڑے ہوں جو دیانت، اخلاقی کردار، ہمدردی، حوصلہ، وڑن اور عوامی خدمت کے غیر متزلزل عزم کے حامل ہوں، نہ کہ ان لوگوں کے ساتھ جو ذاتی مفادات کے لیے اقتدار کے حصول کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ہمیشہ سے سیاسی طور پر باشعور رہے ہیں اور اب اس شعور کو اصول، جواب دہی اور خدمت پر مبنی قیادت کے انتخاب کے لیے استعمال کرنے کا وقت ہے، نہ کہ شخصیت پرستی، کھوکھلے وعدوں اور سیاسی موقع پرستی کو فروغ دینے کے لیے۔

وانی نے کہا کہ جب تک ہم کرشماتی شخصیت کے بجائے کردار، ذاتی مفاد کے بجائے خدمت اور محض سیاست کے بجائے حقیقی قیادت کو ترجیح نہیں دیں گے، جموں و کشمیر ایک روشن، باوقار اور بہتر مستقبل کی جانب آگے نہیں بڑھ سکتا۔

Share This Article
تعمیل ارشاد جموں و کشمیر کا ایک معتبر اردو روزنامہ ہے جو دہائیوں سے غیر جانب دار اور مصدقہ خبریں فراہم کر رہا ہے۔
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے