سرینگرجموں قومی شاہراہ پر شدید ٹریفک رکاوٹوں اور شاہراہ کی بندش کے پیش نظر شمالی ریلوئے نے درماندہ مسافروں کی سہولت کے لیے بڈگام سے ماتا ویشنو دیوی کٹرہ کے درمیان خصوصی ٹرین سروس چلانے کا اعلان کیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق، شاہراہ بند ہونے کے بعد سرینگر اور ویشنو دیوی کٹرہ ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوگیا، جس کے پیش نظر مسافروں کو متبادل سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں پیش کردہ تجویز کو ڈویژنل ریلوے منیجر (ڈی آر ایم)، جموں نے منظوری دے دی ہے۔
سرکاری مواصلت کے مطابق خصوصی ٹرین بڈگام سے دوپہر ایک بجے روانہ ہوگی اور شام 4 بجکر 20 منٹ پر ماتا ویشنو دیوی کٹرہ پہنچے گی۔ ٹرین سرینگر ریلوے اسٹیشن پر ایک بجے پہنچ کر 1 بجکر 15منٹ روانہ ہوگی
اسی طرح واپسی کے سفر میں خصوصی ٹرین ویشنو دیوی کٹرہ سے شام 5بجکر 05بجے روانہ ہوکر رات 8بجکر 30منٹ پر بڈگام پہنچے گی۔
حکام نے بتایا کہ خصوصی ٹرین سروس کا مقصد شاہراہ کی بندش کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنا اور سری نگر و کٹرہ کے درمیان مسافروں کی آمدورفت کو آسان بنانا ہے۔
یہ خصوصی ٹرین سروس سرینگرجموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی معمول کی بحالی تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں سمتوں میں ٹرین سری نگر، بانہال اور سنگلدان ریلوے اسٹیشنوں پر مقررہ اوقات کے مطابق قیام کرے گی۔