جنوبی ضلع اننت ناگ کے سڈورہ علاقے میں ایک دلخراش حادثے میں دو سالہ بچی جاں بحق ہو گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق سڈورہ علاقے میں پیش آئے ایک المناک گھریلو حادثے میں دو سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ یہ واقعہ سنیچروار کی شب پیش آیا، جب الماری کے اوپر رکھا بستر اور دیگر سامان کا ڈھیر اچانک نیچے گر گیا اور اس کی زد میں آکر کمسن بچی شدید زخمی ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت انایا اشفاق دختر اشفاق احمد کمار ساکنہ سڈورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق بچی اپنے گھر میں موجود تھی کہ اسی دوران الماری کے اوپر رکھا ہوا بستر کا ڈھیر اچانک پھسل کر نیچے آگرا۔ سامان براہِ راست بچی پر گرنے کے نتیجے میں اسے شدید نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ حادثہ اس قدر سنگین تھا کہ بچی نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
واقعے کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا اور اہل خانہ صدمے سے نڈھال ہوگئے۔ کمسن بچی کی اچانک موت سے علاقے میں بھی غم کی لہر دوڑ گئی۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی ہے