کشمیر میں جاری خراب موسمی حالات کے پیش نظر پوری انتظامیہ ہائی الرٹ /صوبائی کمشنر کشمیر
صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے کہا کہ شدید بارشوں اور موسمی پیشگوئی کے چلتے وادی بھر میں تمام اضلاع میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا سکے اور کسی بھی ایمرجنسی میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، ایمرجنسی سروسز اور دیگر متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ مضبوط رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ خراب موسم کے ممکنہ اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کو ہر قسم کی موسمی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ فیلڈ افسران کو حساس اور خطرناک مقامات پر مسلسل نگرانی کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
صوبائی کمشنر نے امرناتھ یاترا یاترا کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ یاترا سے متعلق تمام فیصلے صرف اور صرف محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسمی پیش گوئیوں اور سرکاری ایڈوائزریز کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا ”یاتریوں کی جان و سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ یاترا کی نقل و حرکت یا دیگر انتظامات سے متعلق ہر فیصلہ موجودہ موسمی حالات اور آئی ایم ڈی کی سرکاری پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا“۔
Comments are closed.