موسمی بدلاﺅ کے ساتھ پونچھ اور راجوری میں قیامت خیز تباہی ،11 افراد جاں بحق، 7 لاپتہ
جموںکے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں سنیچروار اور اتوار کی درمیانی شب ہونے والی موسلادھار بارش نے شدید تباہی مچا دی۔
مسلسل بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں اچانک سیلاب ،لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور مکانات کے منہدم ہونے کے واقعات پیش آئے، جن میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔
درجنوں افراد زخمی ہوئے، سینکڑوں خاندان متاثر ہوئے اور سرکاری و نجی املاک کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔انتظامیہ، پولیس، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، فوج اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ خراب موسم، مسلسل بارش اور متعدد سڑکوں کی بندش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم لاپتہ افراد کی تلاش بدستور جاری ہے۔
حکام کے مطابق ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جہاں شدید بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ انہوں نے کہا کہ متعدد گاﺅں زیر آب آ گئے، رابطہ سڑکیں بہہ گئیں اور متعدد رہائشی مکانات منہدم ہو گئے۔حکام کے مطابق سرنکوٹ کے لوئر مرہ گاو¿ں میں علی الصبح شدید بارش کے باعث پہاڑی تودہ ایک رہائشی مکان پر آ گرا۔ مکان مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گیا اور اس میں موجود آٹھ افراد دب گئے۔
Comments are closed.