وزیر اعلیٰ نے گاندربل میں کھیر بھوانی میلے کی تیاریوں کا لیا جائزہ ، کہا تمام انتظامات مکمل
ریاض بٹ
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گاندربل ضلع کے تولہ مولہ میں سالانہ کھیر بھوانی میلے کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ 22 جون کو میلے سے پہلے تمام زیر التواءکام مکمل کر لیے جائیں گے۔
دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا کہ ملک بھر سے اور دنیا کے مختلف حصوں سے عقیدت مندوں کی میلے میں شرکت کی امید ہے تاکہ ماتا کھیر بھوانی کا آشیرواد حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف بطور وزیر اعلیٰ بلکہ مقامی ممبر اسمبلی کی حیثیت سے زمین پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مندر کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا ”کچھ مسائل پادریوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرس کی طرف سے اٹھائے گئے تھے، اور میلہ شروع ہونے سے پہلے ان کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ “
آنے والی امرناتھ یاترا پر عمر عبد اللہ نے نوٹ کیا کہ امرناتھ شرائن بورڈ کی یاترا کے انتظام کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ حکومت اس کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری تعاون فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھیر بھوانی اور امرناتھ گھپا پر آنے والے یاتری آرام سے اپنے مذہبی فرائض ادا کر سکیں گے، اور جموں و کشمیر میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔
گاندربل کے کچھ حصوں میں آبپاشی کے خدشات پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ علاقوں سے پانی کی کمی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اور نہروں اور آبپاشی کے راستوں کے ذریعے مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں نے صورتحال کو کم کرنے میں مدد کی ہے اور یہ کہ وزیر آبپاشی اور فلڈ کنٹرول جاوید رانا حکام کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے اور ضروری اقدامات کریں گے۔
پلوامہ میں کشمیری پنڈت ملازمین کیلئے ٹرانزٹ رہائش کی تعمیر پر عمر عبد اللہ نے کہا کہ یہ سہولیات پی ایم پیکیج کے ملازمین کے لیے ہیں اور یہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے دور میں شروع کی گئی ایک جاری پہل کا حصہ ہیں
Comments are closed.