منشیات کیس میں مبینہ ملوث ایس پی او ملازمت سے برطرف
پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ضلع بارہمولہ میں تعینات ایک اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) کو نارکوٹکس کیس میں مبینہ ملوث پائے جانے پر فوری طور پر سروس سے الگ کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق خالد نذیر خان، جو کٹی پورہ ٹنگمرگ کا رہائشی ہے اور بطور ایس پی او خدمات انجام دے رہا تھا، کو محکمانہ نظم و ضبط اور فورس کے معیار کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ایس پی او کیڈر سے فوری اثر کے ساتھ خارج کر دیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق 23 اپریل 2026 کو کنزر کے وسن کراسنگ علاقے میں معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی۔ گاڑی میں موجود افراد، جن میں مذکورہ ایس پی او بھی شامل تھا، مشتبہ حالت میں پائے گئے۔تلاشی کے دوران پولیس نے سرنجیں، سوئیاں اور منشیات کے استعمال میں لائی جانے والی چاندی نما فوائل پیپر برآمد کی۔
ابتدائی تحقیقات کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8، 27 اور 29 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔حکام کے مطابق کیس کے اندراج کے بعد معاملے کا جائزہ لیا گیا اور فورس کے ایک رکن کی حیثیت سے غیر مناسب طرز عمل اور منشیات سے متعلق مقدمے میں مبینہ شمولیت کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے متعلقہ ایس پی او کو ملازمت سے الگ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
Comments are closed.