شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں// وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے مختلف حصوں میں جاری شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور دھوپ میں نکلتے وقت ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ”من کی بات“ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی طور پر بڑھ رہا ہے، اس لیے عوام کو اپنی حفاظت کے لیے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا، ”شدید گرمی کے اس موسم میں ضروری ہے کہ لوگ اپنے جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں، مسلسل پانی پیتے رہیں اور اگر دھوپ میں باہر نکلنا ناگزیر ہو تو احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔“

وزیر اعظم نے عوام کو مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت سے بچاو ¿ کے لیے ان رہنما اصولوں پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے گزشتہ ہفتے بھی شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ شدید گرمی کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتیں کیونکہ موجودہ موسمی حالات صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے گرمیوں کے موسم میں آم کی اہمیت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ شاید ہی کوئی گھر ایسا ہو جہاں اس موسم میں آم کا تذکرہ نہ ہوتا ہو۔

Comments are closed.