ہندوستان میں سوئس سفیر مایا تسافی کی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات
سری نگر/29مئی
ہندوستان میں سوئس کنفیڈریشن کی سفیر مایا تسافی نے آج وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی اور تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ¿ خیال کیا۔اِس ملاقات میں دیرپا سیاحت، مہمان نوازی، پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت، باغبانی، ڈیری صنعت اور ماحول دوست فوڈ پروسسنگ کے شعبوں میں بہترین طریقہ¿ کار کے تبادلے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
دورانِ بات چیت وزیر اعلیٰ نے ان شعبوں میں بہترین عالمی طریقوں کو اَپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جموں و کشمیر کی سماجی و اِقتصادی ترقی کو مزید تقویت ملے گی اور عوام کی دیرپا خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
اُنہوں نے علاقائی منصوبہ بندی اور اِنسانی ترقی کے فریم ورک میں جدید اوردیرپا طریقوں کو شامل کرنے کے حکومتی ویژن کو اُجاگر کیا جس کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا، پیداواری صلاحیت کو بڑھاناور مجموعی معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
سفیر تسافی جو اِس وقت کشمیر کے دورے پر ہیں، نے جموں و کشمیر کی قدرتی خوبصورتی، بھرپور ثقافتی ورثے اور بے پناہ اِقتصادی صلاحیت کو سراہا۔ اُنہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون اور علم کے تبادلے کی راہیں تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
دونوں جانب سے دیرپا ترقی اور جامع اِقتصادی نمو کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔
Comments are closed.