وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ترال میں سیاحت او رثقافتی ورثہ کی ترقی کے اَقدامات کا خاکہ پیش کیا
جموں/30مارچ
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج ایوان کو بتایا کہ محکمہ سیاحت جموں و کشمیرکے اہم سیاحتی مقامات بشمول حلقہ ترال میں سیاحتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور سیاحوں کے لئے سہولیات بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔
وزیر اعلیٰ ترال کے رُکن اسمبلی رفیق احمد نائیک کی طرف سے علاقے میں سیاحت کی ترقی سے متعلق اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ حکومت ترال میں سیاحوں کے لئے سہولیات بہتر بنانے کے اَقدامات کر رہی ہے اور اِس بات پر زور دیا کہ سیاحت سے متعلق ترقیاتی کام زمین کی دستیابی، مالی وسائل اور ماحولیاتی تقاضوں بالخصوص ماحولیاتی طور پر حساس پہاڑی علاقوں میں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر کئے جاتے ہیں۔ اِسی مناسبت سے یہ اَقدامات منظور شدہ منصوبوں اور بجٹ کے مطابق مرحلہ وار انجام دئیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے خصوصی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے فیض پناہ، ترال اور بجوانی میں دو سیاحتی کیفے ٹیریاز اس وقت زیر تعمیر ہیں تاکہ مقامی سیاحتی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ثقافت نے جموں و کشمیر میں ثقافتی ورثے اور مذہبی سیاحت کے فروغ، تحفظ اور ترقی کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن میں حلقہ ترال بھی شامل ہے۔ یہ کام کیپکس بجٹ کے تحت مرحلہ وار اور مقررہ مدت میں مکمل کئے جا رہے ہیں جن میں تعمیراتی و ورثہ جاتی ڈھانچوں کی بحالی، مرمت، تحفظ اورمینی ٹیننس کی سکیمیں بھی شامل ہیں۔
Comments are closed.