لیفٹنٹ گورنر نے جموں میراتھن جیتنے والوں کو اعزاز سے نوازا

جموں/29مارچ

لیفٹنٹ گورنر منوج سِنہا نے اتوار کے روز کہا کہ جموں میراتھن 2019 سے جموں کشمیر میں ہونے والی تبدیلی کی علامت ہے۔
اُنہوں نے کہا، ”اَمن، خوشحالی اور سازگار حالات نے جموںوکشمیر یوٹی کو عالمی معیار کی تقریبات کے لئے ایک موزوں مقام بنا دیا ہے۔ طویل انتظار کے بعد یہ خواب پورا ہوا ہے اور جموںوکشمیر نے سات دہائیوں کے بعد عالمی سطح پر اَپنی صحیح پہچان حاصل کر لی ہے۔“
لیفٹنٹ گورنر جموں کے ایم اے سٹیڈیم میں منعقدہ جموں میراتھن کی اعزازی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
جموں میں پہلی بین الاقوامی ہاف میراتھن جس کا اہتمام محکمہ سیاحت جموں و کشمیر نے کیا۔ اس میں 21 کلومیٹر، 10 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر کی دوڑ کے مقابلے شامل تھے جن میں ملک اور بیرون ملک سے 3,000 سے زیادہ رنروں نے حصہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموںمیراتھن کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموںدُنیا کے نقشے پرمضبوطی سے اُبھر چکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس بڑے ایونٹ کی کامیابی سے جموں کے خوبصورت شہر میں سیاحت کو فروغ ملے گا جس سے تجارت اور کاروبار کو فائدہ ہوگا اور ہمہ جہت ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

اُنہوں نے کہا، ” میرے نزدیک میراتھن وہ واحد ایونٹ ہے جہاں دوڑنے والے ٹرافیوں، رینکنگ یا تمغوں کی فکر نہیں کرتے بلکہ وہ اگلے مرحلے کے بارے میں سوچتے ہیں اور یہ میراتھن کا سب سے بڑا سبق ہے ۔

لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا ،” جموں کشمیر خود اس اصول کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہم نے 2019 سے ایک وقت میں ایک قدم آگے بڑھایا ہے اور اس یونین ٹیریٹری کے لئے ایک نئی شناخت تشکیل دی ہے۔ ہم نے اسے امن اور خوشحالی کا مرکز بنا دیا ہے، جو اَب بین الاقوامی میراتھن، کرکٹ ٹورنامنٹ اور یہاں تک کہ بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی کے قابل ہے۔“

اُنہوں نے کہا کہ جب مرکزی حکومت نے دسمبر 2023 میں کشمیر میراتھن کا تصور پیش کیا تو مقصد صرف ایک دوڑ کا اِنعقاد نہیں تھا بلکہ ایک نئے جموں و کشمیر کو عالمی کھیلوں کے نقشے پر متعارف کرنا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر اَپنی بے پناہ سیاحتی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اُجاگر کر رہا ہے۔

Comments are closed.