فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جی او سی کا کشتواڑ دورہ، آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا

کشتواڑ میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں تین پاکستانی دہشت گردوں کی ہلاکت کے چند روز بعد فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے پیر کو ضلع کا دورہ کرتے ہوئے تمام رینکس کو ہائی الرٹ، فعال اور مشن فوکس رہنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔
فوج کے مطابق جی او سی نے کشتواڑ کے پہاڑی علاقوں میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈیلٹا فورس کے کمانڈر میجر جنرل اجئے سنگھ دابس بھی تھے، جنہوں نے حال ہی میں میجر جنرل اے پی ایس بھل سے چارج سنبھالا ہے۔
وائٹ نائٹ کور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جی او سی نے ڈیلٹا فورس کی غیر متزلزل لگن، عملی مہارت اور فرض کے تئیں بھرپور وابستگی کو سراہا اور تمام اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر حال میں چوکس رہیں، بروقت ردعمل کے لیے تیار رہیں اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھیں۔
امسال فروری مہینے میں کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں ایک روزہ طویل آپریشن کے دوران جیشِ محمد کے تین دہشت گرد مارے گئے تھے، جن میں خودساختہ کمانڈر سیف اللہ بھی شامل تھا جو پچھلے ایک سال میں ایک درجن سے زائد بار محاصروں سے فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا۔
ادھر پولیس نے سیف اللہ اور اس کے گروپ کو پناہ، خوراک، نقل و حمل اور مالی مدد فراہم کرنے والے مبینہ اوور گراؤنڈ ورکروں کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔ حکام کے مطابق مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ان تمام افراد کا سراغ لگا رہی ہیں جنہوں نے پہاڑی علاقوں میں گروپ کی نقل و حرکت میں معاونت کی۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کو براہِ راست یا بالواسطہ مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور جموں وکشمیر میں پائیدار امن و استحکام کے لیے انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Comments are closed.