خطہ کشمیر عالمی سیاحت کا ابھرتا ہوا مرکز: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ

سری نگر،27فروری

جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ نے جمعے کو نئی دہلی میں جاری بین الاقوامی سیاحتی میلے میں شرکت کرتے ہوئے مختلف ملکوں کے ٹریول و ٹور آپریٹرز سے ملاقات کی اور کہا کہ جموں و کشمیر اب ہر موسم میں سیاحت کے لیے ایک مکمل اور ہمہ پہلو خطہ بن چکا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کشمیر صرف قدرتی حسن تک محدود نہیں رہا بلکہ یہاں کوہ پیمائی، برفانی کھیل، روحانی مقامات، تاریخی ورثہ، ثقافتی میلوں اور بڑے تجارتی و سرکاری اجتماعات کے انعقاد تک پورا ڈھانچہ تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سیاحوں کے لیے سڑکوں، رہائش، نقل و حمل اور حفاظتی انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے، جس کا فائدہ مقامی معیشت کو بھی ہو رہا ہے۔

انہوں نے سیاحتی اداروں کو بتایا کہ آج کا جموں و کشمیر ایک محفوظ، کھلا اور خوش آمدیدی خطہ ہے جہاں لوگوں کی گرمجوشی اور مہمان نوازی دنیا بھر کی مثال ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ریکارڈ تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح پہنچے، جو اس بات کی علامت ہے کہ خطے کی شناخت بدل رہی ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ جموں و کشمیر کو عالمی معیار کی سیاحتی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جائے جہاں میلوں، ثقافتی تقریبات، برفانی کھیل، مذہبی سفر اور قدرتی مقامات تک آسان رسائی سال کے بارہ مہینے میسر ہو۔

انہوں نے آخر میں سیاحوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر آج پہلے سے زیادہ پرکشش، پ±رامن اور دنیا کے لیے کھلا ہے اور ہر آنے والے سیاح کو ایک یادگار تجربہ فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

Comments are closed.