اکھنور کے جوریان میں ’پی آئی اے‘ تحریر شدہ مشتبہ غبارہ ملنے سے سیکیورٹی ایجنسیاں چوکس
جموں وکشمیر کے اکھنور کے سرحدی علاقے پنج گاریان گاؤں میں اُس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب مقامی لوگوں نے فضا سے گرتا ہوا ایک مشتبہ غبارہ دیکھا جس پر واضح طور پر ’پی آئی اے‘ انگریزی اور اردو میں لکھا ہوا تھا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر غبارہ اپنی تحویل میں لے لیا اور علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ابتدائی تاثر کے مطابق، غبارہ پاکستانی ساخت کا معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں کا باضابطہ طور پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تحقیقات کے مطابق، ٹیمیں یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہیں کہ آیا غبارہ کسی منظم سرحد پار سرگرمی کا حصہ ہے، یا محض ہواؤں کے بہاؤ کے ساتھ یہاں آن پہنچا۔ تکنیکی ماہرین غبارے کے مواد، سمتِ حرکت اور اڑان کے ممکنہ راستے کا بھی تجزیہ کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں سرحدی علاقوں میں مختلف مشتبہ اشیاء کی برآمدگی کے بعد سیکیورٹی ادارے پہلے سے زیادہ چوکس ہیں، اور اسی سلسلے میں جوریان سیکٹر میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
مزید تفصیلات تفتیش آگے بڑھنے کے ساتھ سامنے آئیں گی۔
Comments are closed.