مستقلی کا مطالبہ : سرینگر میں ڈیلی ویجر ملازمین کا بچوں کے ہمراہ احتجاج درج

جموں و کشمیر حکومت میں خدمات انجام دینے والے کنٹریکچول ملازمین اور ڈیلی ویجرز کی ایک بڑی تعداد نے جمعرات کو سری نگر میں اپنے بچوں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنی خدمات کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔

یہ احتجاج ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام شیرِ کشمیر میونسپل پارک میں منعقد کیا گیا، جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا اور ”ہمیں انصاف چاہیے“ اور ”سڈا حق اتھاں رکھ“ (ہمارا حق ہمیں دو) جیسے نعرے لگائے۔احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایجیک کے جنرل سیکریٹری سجاد احمد پرے نے کہا کہ اگر عمر عبداللہ حکومت ملازمین سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کرتی تو اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹریکچول ملازمین، کیڑول لیبررز اور ڈیلی ویجرز ان محکموں کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جو عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہیں، جن میں بجلی، پینے کا پانی اور دیگر لازمی خدمات شامل ہیں۔ اس کے باوجود یہ ملازمین برسوں سے عدم تحفظ اور غیر یقینی حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر میں 60 ہزار سے زائد ملازمین ایسے ہیں جو کئی برسوں سے ڈیلی ویجر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، لیکن آج تک ان کی مستقلی کے حوالے سے کوئی ٹھوس پالیسی نافذ نہیں کی گئی۔

احتجاج کرنے والے ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی طویل خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر مستقلی کا عمل شروع کرے، تاکہ وہ اور ان کے اہل خانہ باعزت اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔

Comments are closed.