پاسپورٹ سیوا کیندر اننت ناگ اور بارہمولہ میں 14 اور 21 فروری کو کام کریں گے

سرینگر، 12 فروری

پاسپورٹ خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر، پاسپورٹ دفتر سرینگر 14 اور 21 فروری 2026 (ہفتہ) کو ایک خصوصی مہم منعقد کرے گا۔ اس سلسلے میں پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر (پی او پی ایس کے) اننت ناگ اور پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر (پی او پی ایس کے) بارہمولہ مذکورہ تاریخوں پر پاسپورٹ درخواستوں پر کاروائی کے لیے کھلے رہیں گے۔ یہ اقدام پاسپورٹ دفتر سرینگر کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی مہم کا حصہ ہے۔

یہ خصوصی مہم وزارتِ خارجہ، حکومتِ ہند کے پاسپورٹ سیوا پروجیکٹ کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد پاسپورٹ سے متعلق خدمات کی مسلسل بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو بروقت، مو¿ثر اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہے۔
علاقائی پاسپورٹ آفیسر سرینگر، جناب بی ایس راوت نے کہا کہ یہ خصوصی مہم دفتر کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور درخواست دہندگان کے انتظار کے وقت میں کمی لائی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاسپورٹ درخواستوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے عمل آوری کے لئے اضافی دن مقرر کیے جا رہے ہیں تاکہ اننت ناگ، بارہمولہ اور ملحقہ اضلاع کے رہائشیوں کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
درخواست دہندگان 14 اور 21 فروری 2026 کے لیے موزوں وقت منتخب کر کے اپنے قریبی یا پسندیدہ پاسپورٹ سیوا کیندر میں سرکاری ویب سائٹ [www.passportindia.gov.in](http://www.passportindia.gov.in) کے ذریعے آن لائن ایپائنٹمنٹ لے سکتے ہیں۔
درخواست دہندگان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ مقررہ وقت پر متعلقہ مرکز میں حاضر رہیں اور اپنے ساتھ وقت کی تصدیق اور تمام مطلوبہ اصل دستاویزات ہمراہ لائیں۔
مزید تفصیلات کے لیے درخواست دہندگان سرکاری پاسپورٹ سیوا ویب سائٹ ملاحظہ کریں یا علاقائی پاسپورٹ دفتر سرینگر سے رابطہ کریں۔

Comments are closed.