کشمیر میں 15 فروری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے اور وادی میں 15 فرری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 4 سے 6 فروری کی شام موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران 6 فروری کی شام کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 اور 8 فروری کی شام تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد میں 9 اور 10 فروری کو کئی مقامات پر ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 11 فروری کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 12 سے 15 فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں اور شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کے لئے متعلقہ ٹریفک یونٹوں کی طرف رجور کریں اور انتظامیہ کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔
پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں برفانی تودے رہنے کے خطرات رہتے ہیں۔دریں اثنا وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت 1 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت 0 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں مشہور سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں میں بھدرواہ سرد ترین جگہ رہی ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Comments are closed.