جموں وکشمیر امن، ترقی اور مواقع کے ایک نئے دور میں داخل ہوچکا ہے: منوج سنہا
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یوم جمہوریہ کے موقع پر شہیدوں، ملی ٹنسی اور قدرتی آفات و المناک واقعات کے متاثرین کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سیکورٹی فورسز کی بہادری اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور نے دنیا کو یہ پیغام بھیجا کہ دہشت گردی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پیر کو یہاں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقد یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب سے خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ملوث پاکستانی دہشت گردوں کے خاتمے پر مسلح افواج کی ستائش کی اور اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے ساتھ ساتھ نوگام دھماکے میں از جان ہونے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
منوج سنہا نے حالیہ قدرتی آفات کے باعث ہونے والے جانی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا اور بحران کے دوران مسلسل ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں کے لئے سیکورٹی فورسز، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کا شکریہ ادا کیا۔
ترقیاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت جموں وکشمیر کی ہمہ جہت ترقی اور "وکست بھارت 2047” کے وژن میں بھر پور کردار ادا کرنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ خطہ امن، ترقی اور مواقع کے ایک نئے دور میں داخل ہوچکا ہے۔
سیاحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا یہ شعبہ جموں و کشمیر کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘جنوری 2025 سے نومبر 2025 تک ایک کروڑ 61 لاکھ سے زیادہ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا،گرچہ پہلگام دہشت گردانہ حملے اور قدرتی آفات کے اثرات کے باعث یہ تعداد گذشتہ برس کے مقابلے میں قدرے کم رہی اس کے باوجود حکومت سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے محو جد وجہد ہے’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے قومی یکجہتی اور عوامی شرکت کو فروغ دینے والے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا: ‘جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی کشمیر میراتھن میں شرکت نے اس تقریب کو نئی جہت دی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ترنگا یاترا میں عوام کی بڑے پیمانے پر شرکت عوام کے دلوں میں رچی بسی حب الوطنی کی عکاس ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ‘نیا سویرا’ طلوع ہوچکا ہے جہاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کو جامع امداد فراہم کرنے کے لئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ دہشت گردی سے متعلق تمام زیر التوا قتل معاملات کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا تاکہ انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔
منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر اب ریل رابطے کے ذریعے ملک کے دیگر حصوں سے جڑ چکا ہے جبکہ ایکسپریس ہائی ویز نے علاقائی رابطی کاری کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی معاونت یافتہ اسکیموں کے موثر نفاذ سے مختلف شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں آئی ہیں۔
شہریوں سے صاف توانائی اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایم سوریہ گھر بجلی یوجنا کے تحت سولز پینلز کو گھروں میں نصب کیا جانا چاہئے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ یہ پائیداری اور توانائی میں خود کفالت کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے جموں وکشمیر بتدریج امن، ترقی اور ہمہ گیر خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔
Comments are closed.