جموں و کشمیر میں جمہوریت پر اعتماد مضبوط، جمہوری اقدار گہرائی سے محسوس کی جاتی ہیں / لیفٹنٹ گورنر
جموں/25جنوری
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج جموں میں 16ویں قومی یومِ رائے دہندگان کی تقریبات میں شرکت کی۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے خطاب کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ شہریوں میں حقِ رائے دہی کی عظیم طاقت کے بارے میں بیداری پیدا کریں اور اُنہیں سوچ سمجھ کر اس کا اِستعمال کرنے کی ترغیب دیں تاکہ وہ ایک مضبوط، منصفانہ اور خوشحال ہندوستان کے حقیقی معمار بن سکیں۔
اُنہوں نے کہا،”ہر ڈالا گیا ووٹ ہماری قوم کی عمارت کی بنیاد بنتا ہے۔ اِس طرح اِنتخابات محض موجودہ دور کے انتخاب نہیں بلکہ ہماری آنے والی نسلوں، اِجتماعی تقدیر اور جمہوری استحکام کے تئیں ہماری ذِمہ داری کا اِظہار ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”حقِ رائے دہی ذِمہ داری،شفافیت اور حکومتی جوابدہی کو تقویت دیتی ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ ووٹ شہریوں کی خواہشات، یقین اور مقصد کا طاقتور اِظہار ہے۔ جموں و کشمیر کو یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے ۔جمہوریت کی اصل روح یہی ہے کہ ہماری اِجتماعی مرضی ہی قوم کی سمت متعین کرتی ہے۔“
اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ہر ووٹ پالیسیوں، اِداروں اور قومی سمت کو تشکیل دینے کی طاقت رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب ذِمہ داری کے ساتھ ووٹ استعمال کیا جائے تو بیلٹ ملک کی تقدیر کے تعین کا سب سے مو¿ثر ذریعہ بن جاتا ہے۔
منوج سِنہا نے کہا،”ہندوستان جو دُنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے ،برابری اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے غیر معمولی بلندیوں کو چھوا ہے۔ ہماری جمہوری بنیادیں گہرائی اور مضبوطی میں بے مثال ہیں۔ اگرچہ کئی ممالک نے ہمارے ساتھ ہی آزادی حاصل کی لیکن جمہوریت سب سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ بھارتی سرزمین پر پروان چڑھی ہے۔“
اُنہوں نے نوجوانوں اور ان شہریوں کو مُبارک باد دِی جنہیں دہائیوں بعد پہلی بار اپنے حقِ رائے دہی کے مکمل اِستعمال کا موقعہ ملا۔
لیفٹیننٹ گورنرنے 2024 کے تاریخی لوک سبھا اور جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اِنتخابات کے کامیاب اِنعقاد پر الیکشن کمیشن آف اِنڈیا اور جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفس کی بھی ستائش کی۔
اُنہوں نے کہا،”جموں و کشمیر میں جمہوریت پر اعتماد مضبوط ہوا ہے اور جمہوری اَقدار گہرائی سے محسوس کی جاتی ہے۔ 2024 میں ووٹروں کی غیر معمولی شرکت اِس بات کا ثبوت ہے کہ شہری ووٹ ڈالنے کو محض حق نہیں بلکہ ایک فرض سمجھتے ہیں۔“
Comments are closed.