کشمیر: بھاری برفباری کے باعث سرینگر جموں قومی شاہراہ بند، پروازیں منسوخ
سری نگر، 23 جنوری
گذشتہ شب طوفانی ہوائوں کے بعد شروع ہونے والی بھاری برف باری کے نتیجے میں وادی کشمیر میں زمینی و فضائی ٹرانسپورٹ متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔
حکام کے نتایا کہ وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ، مغل روڈ اور وادی کو لداخ کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر بھاری برف باری کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل مکمل طور پر بند ہے۔
انہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ برف ہٹانے تک ان شاہراہوں پر سفر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی افوا پر کان نہ دھریں۔
حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کے لئے ٹریفک پولیس کی متعلقہ چنیلز کی طرف رجوع کریں۔
دریں اثنا بھاری برف باری اور نامساعد موسمی صورتحال کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے پر جمعہ کی صبح کم سے کم 17 پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔
ائیر پورٹ حکام نے بتایا کہ نا مساعد موسمی صورتحال کے پیش نظر مزید پروازوں کے منسوخ ہونے کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن پروازوں کو منسوخ کیا گیا ان میں سری نگر سے دہلی، ممبی، بنگلورو اور جموں جانے والی پروازیں شامل ہیں۔
مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ ائیر لائنز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔
علاوہ ازیں حکام نے بانہال – بارہمولہ ریل سروس کو بھی معطل کر دیا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑکوں پر بھاری برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل ہنوز معطل ہے۔
Comments are closed.