کشمیر میں 22 جنوری سے وسیع پیمانے پر برف و باراں کا امکان

سری نگر، 20 جنوری

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں وسیع پیمانے پر برف وباراں کے نتیجے میں طویل خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ ٹوٹنے کا امکان ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک مغرب کی طرف سے موسم میں ہونے والی تبدیلی کے نتیجے میں 22 جنوری کی دوپہر سے 23 جنوری کی شام تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کا زیادہ اثر چناب وادی، پیر پنچال رینج اور جنوبی کشمیر کے اضلاع میں رہ سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 24 اور 25 جنوری کو کچھ مقامات پر ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ 26 اور 27 جنوری کو بھی کئی مقامات پر ہلی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے جبکہ اس دوران کچھ علاقوں میں بھاری برف باری بھی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 28 سے 31 جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ صوبہ جموں اور کشمیر کے کچھ اضلاع میں 23 اور 27 جنوری کو بھاری برف باری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے بھی خطرات ہیں۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران اپنے کام معطل رکھیں۔
محکمے کے مطابق اس دوران پہاڑی علاقوں میں کچھ شاہراہوں پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے جس کے پیش نظر مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک محکمے اور انتظامیہ کی طرف سے جاری مشوروں کے مطابق سفر کے منصوبے بنائیں۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں سخت سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں جاری ہے جو 21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔

Comments are closed.