یومِ جمہوریہ سے قبل وادی میں سخت سیکورٹی انتظامات، شاہراہوں اور حساس مقامات پر اضافی اہلکار تعینات
سرینگر:8جنوری
یومِ جمہوریہ کے پیش نظر وادی کشمیر میں سکیورٹی کے غیر معمولی اور سخت انتظامات کئے گئے ہیں جن کے تحت ہر ضلع، ہر اہم شاہراہ اور تمام حساس مقامات پر فورسز کی تعیناتی میں مزید اضافہ کیا گیا ہے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 26 جنوری کے پیش نظر وادی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور زمینی سطح پر وسیع پیمانے پر اقدامات شروع کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ تخریبی کارروائی کو ناکام بنایا جا سکے ۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے پائین شہر سے لے کر سیول لائنز علاقوں تک بازاروں، سیاحتی مقامات، سرکاری عمارتوں، پلوں، بس اڈوں کے اطراف میں نیم فوجی دستے مستعدی کے ساتھ گشت کر رہے ہیں۔
سرینگر-جموں قومی شاہراہ، جو وادی کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑتی ہے ، پر بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایک اعلیٰ افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ حالیہ واقعات اور انٹیلی جنس رپورٹس کے بعد ہائی وے کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ‘لال چوک سے قاضی گنڈ تک ہر اہم مقام پر اضافی کمپنیوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔ ہائی وے پر گاڑیوں کی چیکنگ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور ہر مشکوک گاڑی کو روک کر مکمل تلاشی لی جا رہی ہے ۔’ادھر شہر سری نگر میں بھی بڑے پارکوں، تاریخی عمارتوں اور اہم اسٹیڈیم کے اطراف میں سکیورٹی حصار مزید سخت کر دیا گیا ہے جہاں یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔
Comments are closed.