کٹھوعہ جنگلات میں مسلح جھرپ جاری: فورسز کی اضافی کمک طلب

جموں،7جنوری

جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے جنگلی علاقے کماد نالہ میں بدھ کی شام سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید گولی باری کا تبادلہ ہوا جس سے پورے علاقے میں سنسنی اور خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔ حکام کے مطابق اسپیشل آپریشنز گروپ کٹھوعہ نے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا تھا، جس کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کر دی۔
اطلاعات کے مطابق فورسز نے پورے جنگلی خطے کو گھیرے میں لے کر کماد نالہ کے اطراف وسیع علاقے کو سیل کیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے ممکنہ فرار کے تمام راستے بند کیے جا سکیں۔ علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سخت پہرہ بٹھا دیا گیا ہے۔
آئی جی جموں، بھیم سین توتی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کماد نالہ کے گھنے جنگلات میں سیکورٹی فورسزاور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ دہشت گردوں کو کسی بھی صورت فرار ہونے کا موقع نہ دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زمینی فورسز کے علاوہ فضائی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ جنگل کے ہر کونہ و کنارے پر نظر رکھی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے آپریشن کو انتہائی احتیاط اور منظم حکمت عملی کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
آخری اطلاعات آنے تک گولیوں کا تبادلہ جاری تھا اور مزید کمک علاقے کی طرف روانہ کی گئی ہے۔

Comments are closed.