جموں و کشمیر میں امن دشمن طاقتوں کے لیے کوئی جگہ نہیں:پولیس سربراہ

جموں،22دسمبر

جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ دہشت گردی اور ہر قسم کے جرائم کے خلاف پولیس کی کارروائیاں بلا روک ٹوک جاری رہیں گی۔
کٹھوعہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نالین پربھات نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کا بنیادی مقصد ریاست میں امن و قانون کی مکمل بحالی، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور سماج دشمن عناصر کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے معاملہ دہشت گردی کا ہو، منشیات کی اسمگلنگ کا، گینگ وار کا یا کسی اور مجرمانہ سرگرمی کا، پولیس ہر محاذ پر پوری قوت کے ساتھ کارروائی کرے گی۔
ڈی جی پی نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی اور منشیات دونوں ہی سماج کے لیے زہر قاتل ہیں اور ان کے خلاف جنگ صرف پولیس کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی بروقت اطلاع دیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی جی پی نالین پربھات نے پولیس فورس کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نے ہمیشہ مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض ایمانداری اور جرات کے ساتھ انجام دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
قبل ازیں ڈی جی پی نالین پربھات نے کٹھوعہ اسپورٹس اسٹیڈیم میں 14ویں پولیس شہداء میموریل ٹی-20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
ڈی جی پی نے کہا کہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے نہ صرف پولیس اہلکاروں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد اور بھائی چارے کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ کھیل کے ذریعے مثبت پیغام عام ہوگا۔
یو این آئی، ارشید

Comments are closed.