ملاوٹ شدہ انڈوں کا معاملہ: فوڈ سیفٹی کی خصوصی ٹیمیں نمونے اکٹھا کرنے میں مصروف

سری نگر،12دسمبر

وادی کشمیر میں مبینہ ملاوٹ شدہ انڈوں کی فروخت کے معاملے نے عام صارفین کے درمیان شدید تشویش پیدا کر دی ہے، جس کے بعد محکمہ فوڈ سیفٹی حرکت میں آ گیا ہے۔ محکمے نے بتایا کہ نمونوں کی بڑے پیمانے پر جمع آوری کے لیے خصوصی ٹیمیں مختلف اضلاع میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ معاملے کی سائنسی جانچ یقینی بنائی جا سکے۔
ایک اعلیٰ عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ محکمہ صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی مبینہ غیر معیاری انڈوں کے بارے میں اطلاعات سامنے آئیں، فیلڈ آفیسرز، فوڈ سیفٹی انسپکٹرز اور لیبارٹری اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں کو فوری حرکت میں لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نمونے اکٹھے کرکے انہیں فوڈ اینڈ ڈرگ لیبارٹری میں بھیجا جا رہا ہے، جہاں مختلف سطحوں پر کیمیائی اور سائنسی جانچ کی جائے گی تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ ان انڈوں میں کسی قسم کے زہریلے، سرطان پیدا کرنے والے یا غیر معیاری اجزا کی موجودگی ہے یا نہیں۔
عہدیدار نے یہ بھی واضح کیا کہ بازاروں، پولٹری فارمز اور ہول سیل پوائنٹس پر اچانک چیکنگ بڑھا دی گئی ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
محکمے کے مطابق، لیبارٹری رپورٹ کے بعد ہی اس معاملے کی اصل نوعیت اور ممکنہ خطرات کا تعین کیا جا سکے گا۔

Comments are closed.