فلائٹس کی منسوخی کے بعد ریلوے کا بڑا فیصلہ، دہلی–اودھمپور کے لیے خصوصی وندے بھارت ٹرینیں شروع

جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے انڈیگو کی متعدد پروازیں منسوخ ہونے کے باعث جموں اور سرینگر ایئرپورٹس پر شدید بدنظمی اور بے چینی کے بعد، شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے مسافروں کیلئے اہم فیصلہ لیتے ہوئے دہلی–اودھمپور روٹ پر خصوصی وندے بھارت ٹرین چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ خصوصی سروس 12 سے 14 دسمبر تک تین روز کیلئے دستیاب ہوگی۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل نے بتایا کہ جموں ڈویژن ہنگامی حالات میں مسافروں کی سہولت اور تحفظ کے لیے خصوصی ٹرینیں چلاتا ہے اور فلائٹس کی بار بار منسوخی کی وجہ سے مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اس خصوصی وندے بھارت ٹرین کو چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹرین صبح 6 بجے نئی دہلی سے روانہ ہوگی اور دوپہر 2 بجے اودھمپور پہنچے گی، جبکہ راستے میں امبالہ کینٹ، لدھیانہ، پٹھان کوٹ کینٹ اور جموں توی سمیت متعدد اسٹیشنوں پر رکے گی۔
دوسری ٹرین سہ پہر 3 بجے اودھمپور سے روانہ ہو کر رات 11 بجے نئی دہلی پہنچے گی۔
سنگھل نے بتایا کہ یہ خصوصی وندے بھارت 20 کوچز کے ساتھ چلائی جائے گی۔ انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی سفر کی معلومات کی تصدیق کے لیے انڈین ریلوے کی آفیشل ویب سائٹ کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جاسکے۔

Comments are closed.