لالچوک اور گرد نواح میں سیکورٹی فورسز کا تلاشی آپریشن، ہوٹلوں کی جامع جانچ پڑتال
سری نگر ،28نومبر
جموں وکشمیر کے گرمائی دارالخلافہ سری نگر کے تاریخی لالچوک میں جمعہ کی صبح اچانک سکیورٹی کی غیر معمولی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جب سرینگر پولیس نے سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور خواتین کمپنی 213 بٹالین کے ہمراہ ایک منظم اور وسیع تلاشی آپریشن شروع کیا۔ اس کارروائی کا مقصد شہر کے مصروف ترین تجارتی اور رہائشی زون میں ٹہرنے والی جگہوں بالخصوص ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کی اچانک اور جامع جانچ کرنا تھا، تاکہ ایسے عناصر کی موجودگی کو روکا جا سکے جو رہائش کے نام پر غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے حالیہ اطلاعات میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ بعض مشتبہ افراد شہر کے مصروف علاقوں میں رہائشی سہولیات کا غلط استعمال کر سکتے ہیں، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کا منصوبہ تشکیل دیا۔ اسی تناظر میں پولیس اور سی آر پی ایف کی ٹیموں نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے لالچوک کے تقریباً تمام بڑے اور درمیانے درجے کے ہوٹلوں میں اچانک سرچ آپریشن شروع کیا۔
کارروائی کے دوران مہمانوں کے شناختی دستاویزات، اسٹاف کے کوائف، رجسٹر ریکارڈ، آن لائن بکنگ ڈیٹا اور سی سی ٹی وی لاگز کی جانچ کی گئی۔ پولیس اہلکاروں نے ہوٹل مینیجرز کو ہدایت دی کہ وہ ہر آنے والے مہمان کی مکمل تصدیق کو یقینی بنائیں اور بغیر شناخت کسی کو کمرہ فراہم نہ کریں۔ ساتھ ہی اسٹاف سے سوال و جواب بھی کیا گیا تاکہ اس بات کا پتا چل سکے کہ کہیں کوئی مشکوک فرد یا سرگرمی ان کی نظروں سے اوجھل تو نہیں رہی۔
اس کارروائی میں خواتین کے لیے مخصوص چیکنگ بھی شامل تھی۔ سی آر پی ایف کی خواتین کمپنی کو خواتین مہمانوں اور عملے کے لیے علیحدہ تصدیقی عمل سونپا گیا، جسے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیا گیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ یہ آپریشن نہ صرف ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کے لیے تھا بلکہ آنے والے ہفتوں میں شہر میں مجموعی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے سلسلے کی ایک کڑی بھی ہے۔
انہوں نے کہا، ’شہر کے حساس اور مصروف ترین علاقے میں موجود رہائشی یونٹس کی نگرانی وقت کی ضرورت ہے۔ ہمارا مقصد عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہے اور ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔‘
لالچوک کے تاجر برادری کے چند اراکین نے بھی اس کارروائی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس طرح کی پیشگی جانچ پڑتال سے کاروباری ماحول مزید محفوظ ہوتا ہے، جبکہ ہوٹل مالکان نے یقین دہانی کرائی کہ وہ مہمانوں کی تصدیق کے سلسلے میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔
پولیس نے شہریوں اور ہوٹل مینیجرز کو ایک بار پھر تاکید کی کہ اگر وہ کسی مشکوک فرد، سامان یا سرگرمی کو دیکھیں تو فوراً قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔ کارروائی بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے اختتام پذیر ہوئی۔
یہ اچانک آپریشن سرینگر پولیس اور سی آر پی ایف کی اس مشترکہ حکمت عملی کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد شہر کی مجموعی سیکیورٹی کو مضبوط کرنا، عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا قبل از وقت سدباب کرنا ہے
Comments are closed.