دہلی دھماکہ کیس:ایس آئی اے نے سرینگر میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا
سری نگر،22نومبر
جموں و کشمیر پولیس کی اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے ’وائٹ کالر دہشت گردی‘ کے حالیہ بے نقاب ہوئے نیٹ ورک سے جڑے ایک اور شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت طفیل نیاز کے طور پر ہوئی ہے جو سرینگر کا رہائشی ہے۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ ماہ نوگام سرینگر میں کالعدم جیشِ محمد کے پوسٹرز نمودار ہونے کے بعد ایس آئی اے نے ایک خصوصی تفتیشی عمل شروع کیا تھا۔ انہی پوسٹرز کی تحقیقات نے ایک منظم، بین الریاستی وائٹ کالر دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا، جس کے تار اب دہلی کے لال قلعہ دھماکے سے بھی جوڑے جا رہے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ طفیل نیاز ایک سیلز مین کے طور پر کام کرتا تھا، تاہم ابتدائی پوچھ گچھ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے مبینہ طور پر نیٹ ورک کے ایک رکن کو اے کے 47 رائفل فراہم کی تھی، جو اس گروہ کی سرگرمیوں کا اہم حصہ سمجھا جا رہا ہے۔
ایک سینئر افسر کے مطابق، ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید گرفتاریوں اور اس نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں کے سامنے آنے کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
سیکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق یہ وائٹ کالر نیٹ ورک دہشت گردوں کی مالی، لاجسٹک اور اسٹریٹیجک معاونت میں ملوث تھا، جبکہ اس کے کارندے عام زندگی میں باعزت پیشوں سے وابستہ دکھائی دیتے تھے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظر سے بچ سکیں۔
اس معاملے نے ایک بار پھر اس بات کو اجاگر کیا ہے کہ دہشت گردی کے جدید نیٹ ورکس روایتی دہشت گردی کے بجائے پوشیدہ، سماجی و مالیاتی ڈھانچوں کا سہارا لے رہے ہیں، جنہیں بے نقاب کرنے کے لیے سیکیورٹی ایجنسیوں نے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
Comments are closed.