لال چوک اور گردونواح میں پولیس کی اچانک تلاشی مہم، راہ گیروں اور موٹر سائیکل سواروں کی چیکنگ
سری نگر،21اکتوبر
سری نگر کے مصروف ترین کاروباری مرکز لال چوک اور اس کے گردونواح میں منگل کے روز پولیس نے اچانک تلاشی مہم چلائی، جس کے دوران راہ گیروں اور موٹر سائیکل سواروں کی باریک بینی سے تلاشی اور شناختی کارڈوں کی جانچ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی مختلف ٹیموں نے ایم اے روڈ، پولوفیو اور گھنٹہ گھر سمیت کئی مقامات پر اچانک ناکے قائم کیے۔ ہر آنے جانے والے شخص، خاص طور پر نوجوانوں اور موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی لی گئی جبکہ گاڑیوں کے دستاویزات بھی چیک کیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی سیکورٹی الرٹ کے پیش نظر کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
لال چوک میں تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں، تاہم اچانک تلاشی کارروائی کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوئی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ کارروائیاں روٹین سیکورٹی ڈرل کا حصہ ہیں تاکہ عوام میں تحفظ کا احساس پیدا ہو اور کسی بھی شرپسند سرگرمی کا بروقت پتہ لگایا جا سکے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک فرد یا شئے کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رہے۔
Comments are closed.