بڈگام اور نگروٹہ ضمنی انتخابات کے لیے نامزدگی کا عمل شروع
سری نگر، 13 اکتوبر
بڈگام اور نگروٹہ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لئے پیر سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل شروع ہوا۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے ان انتخابات کے لیے دو الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کئے ہیں۔
ای سی کی طرف سے جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق امید وار بڈگام اور نگروٹہ نشستوں کے لئے 20 اکتوبر تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر کو ہوگی جبکہ امید وار 24 اکتوبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکتے ہیں۔
دونوں نشستوں کے لئے ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو عمل میں لائی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ بڈگام اسمبلی نشست اس وقت خالی ہوئی تھی جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جنہوں نے دو نشستوں بڈگام اور گاندربل سے چنائو لڑا تھا اور دونوں پر کامیابی حاصل کی تھی، نے بعد میں گاندر بل نشست کو بر قرار رکھا تھا اور بڈگام نشست سے مستعفی ہوئے تھےجبکہ نگروٹہ کی نشست بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
دریں اثنا جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے ایک سال بعد بڈگام اور نگروٹہ حلقوں کے ضمنی انتخابات کا بگل بجنے کے ساتھ ہی سیاسی گہماگہمی شروع ہوئی ہیں۔
Comments are closed.