سہ پورہ گاندربل میں کمسن لڑکی کا اغوا کے بعد وحشیانہ قتل، پولیس نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی
سری نگر، 17 اگست
وسطی ضلع گاندربل کے سہ پورہ گاوں میں اتوار کی صبح لڑکی کا اغوا کرنے کے بعد اس کا سنسنی خیز طریقے سے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے تاکہ ملزمان کو جلد ازجلد سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جا سکے۔اس واقعے کے خلاف گاندربل کے سہ پورہ میں مرد و زن نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور قاتلوں کو پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح گاندربل کے سہ پورہ علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ساتویں جماعت میں زیر تعلیم کمسن لڑکی کی لاش برآمد کی گئی۔ایس ایس پی گاندربل خلیل پسوال نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ گاندربل کے سہ پورہ گاؤں میں صبح تقریباً ساڑھے دس بجے ایک کمسن لڑکی کی لاش برآمد ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق نامعلوم افراد نے لڑکی کو گھر کے قریب سے اغوا کیا، جبکہ اس کی بڑی بہن بھی اس کے ساتھ تھی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوئی۔ بعد ازاں لڑکی کی لاش ملی۔
ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے قتل کے مقدمے کے اندراج کے ساتھ ہی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ کمسن لڑکی کی عمر چودہ سے پندرہ سال کے درمیان ہے۔ تحقیقاتی عمل میں سری نگر سے فارینسک ٹیم کو طلب کیا گیا ہے، تکنیکی صلاحیتوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی تحقیقات میں حصہ لے رہی ہے تاکہ واقعے کی تفصیلات اور شواہد کو مکمل طور پر اکٹھا کیا جا سکے۔ایس ایس پی خلیل پسوال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد اس کیس کو حل کرنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مقدمے کی تہہ تک جانے کی کوششیں جاری ہیں۔
واقعے کے بعد مقامی خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دوشیزہ کو اغوا کرنے کے بعد وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔ مقتولہ ساتویں جماعت کی طالبہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی بہن فرار ہونے میں کامیاب ہوئی۔ایک اور احتجاجی خاتون نے بتایا کہ دونوں بہنیں کھیت میں کام کر رہی تھیں کہ چند افراد نے گاڑی میں سوار ہو کر ان کا پیچھا کیا، اس دوران بڑی بہن بھاگنے میں کامیاب ہوئی، جبکہ کمسن لڑکی کو قتل کر دیا گیا۔ خواتین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔
Comments are closed.