یوم آزادی سے قبل لائن آف کنٹرول پر سخت ترین نگرانی، ہائی ٹیک اسلحہ اور جدید ڈرونز کا استعمال
سری نگر13اگست
یومِ آزادی کے پیش نظر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر حفاظتی انتظامات کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ہائی ٹیک اسلحہ، جدید مانیٹرنگ سسٹمز اور جدید ڈرونز کی مدد سے دن رات گشت کو مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ سرحد پار سے کسی بھی دراندازی یا تخریب کاری کی کوشش کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔
سکیورٹی حکام نے بتایا کہ’ترنیتر‘ڈرونز طویل فاصلے سے دشمن کی نقل و حرکت کو پکڑنے اور فورسز کو حقیقی وقت میں معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان ڈرونز کے ذریعے مشکل جغرافیائی علاقوں، گھنے جنگلات اور پہاڑی درّوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایل او سی کے حساس سیکٹرز میں نہ صرف اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں بلکہ رات کے وقت بھی نائٹ وژن ڈیوائسز، ہیٹ سنسرز اور سرویلنس راڈارز کا استعمال بڑھا دیا گیا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق، ماضی میں یومِ آزادی سے قبل دشمن کی طرف سے اشتعال انگیزی اور دراندازی کی کوششوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، اسی لیے اس برس سیکیورٹی فورسز نے پیشگی اور جارحانہ حکمت عملی اختیار کی ہے۔
Comments are closed.