کولگام جھڑپ :سیکورٹی فورسز کا آپریشن چھٹے روزبھی بدستور جاری
سری نگر 06اگست
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے مضافاتی علاقے اکہال دیوسر میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جاری انکاؤنٹر آج چھٹے روز میں داخل ہو چکا ہے۔ اب تک کی طویل ترین کارروائیوں میں متعدد رکاوٹوں اور موسمیاتی چیلنجوں کے باوجود سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے، اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیمیں علاقے میں سرچ اینڈ کارڈن آپریشن کو انتہائی منظم انداز میں انجام دے رہی ہیں، تاکہ چھپے ہوئے دہشت گردوں کو غیر مسلح کیا جا سکے۔
یہ انکاؤنٹر یکم اگست کو اس وقت شروع ہوا جب سیکورٹی فورسز کو خفیہ اطلاع ملی کہ اکہال کے جنگلی علاقے میں کئی دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں۔ اطلاع کے بعد علاقے کا فوری محاصرہ کیا گیا، جس پر دہشت گردوں نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔
فورسز نے جدید آلات اور ڈرونز کی مدد سے علاقے کی نگرانی تیز کر دی، تاہم جنگلاتی زمین اور پر خطر پہاڑی راستوں پر مشتمل دشوار گزار جغرافیہ کی وجہ سے رکاوٹیں پیش آئیں جس کے باعث فورسز کو احتیاط کے ساتھ کارروائی جاری رکھنی پڑ رہی ہے۔
Comments are closed.