اونتی پورہ میں سیکورٹی تیاریوں کو جانچنے کے لیے موک ڈرل
سری نگر،15جولائی
امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اونتی پورہ پولیس کی جانب سے منگل کو یاترا روٹ پر ایک ہمہ گیر موک ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشق مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کی الرٹنیس، تیاری اور باہمی تال میل کو جانچنے کے لیے مخصوص اسٹریٹیجک مقامات پر انجام دی گئی۔
مشق کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے، ہنگامی انخلاء اور بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے مختلف منظرناموں کی عملی مشق کی گئی، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
ماک ڈرل کی نگرانی پولیس ضلع اونتی پورہ کے سینئر افسران اور زونل پولیس افسران نے سی آر پی ایف کے ہم منصب افسران کے ساتھ مشترکہ طور پر کی۔ اس دوران اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ تمام ایس او پیز پر عملدرآمد ہو اور جہاں ضروری ہو، ان میں بہتری لائی جائے۔
پولیس نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مشق کے دوران یاتریوں یا عام شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوئی۔ پولیس اونتی پورہ نے عوام کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شری امرناتھ جی یاترا 2025 کے دوران مکمل امن و امان اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔
Comments are closed.