موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ اتوار کو متوقع/وزیر تعلیم سکینہ ایتو

سرینگر /05جون / ٹی آئی نیوز

وادی کشمیر میں جاری ریکارڈ توڑ گرمی کے بیچ وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت گرمی کی شدید لہر کو دیکھتے ہوئے اتوار کو موسم گرما کی تعطیلات میں ممکنہ توسیع کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔

نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، سکینہ ایتو نے طلبا اور والدین کی طرف سے یکساں طور پر بڑھتے ہوئے خدشات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کو متعدد کالز موصول ہو رہی ہیں جن میں حکومت سے گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کی درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا ”ہمیں پریشان والدین اور طلباءکی طرف سے بہت سی فون کالز موصول ہوئی ہیں جن میں گرمی کی مسلسل لہر کی وجہ سے گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع پر غور کرنے پر زور دیا گیا ہے“۔

تاہم وزیر تعلیم نے نوٹ کیا کہ اتوار کو موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد باضابطہ فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ”ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر کل گرمی کی لہر برقرار رہی تو ہم بچوں کی صحت اور بہبود کے مفاد میں کسی مناسب فیصلے کا اعلان کریں گے“۔

Comments are closed.