امرناتھ یاترا کے لئے کافی بہتر انتظامات کئے گئے ہیں:منوج سنہا
سرینگر، 30 جون
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے اس سال کی شری امرناتھ یاترا کے لیے کافی بہتر انتظامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سول انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں نے بھی محفوظ اور ہموار یاترا کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تال میل سے کام کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو سونہ مرگ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘میٹنگ میں مختلف محکموں کے سینئر افسران اور سیکورٹی ایجنسییوں نے شرکت کی، میں نے گذشتہ چار برسوں کے دوران یاترا کی تیاریوں اور انتظامات کا خود جائزہ لیا ہے میں کہہ سکتا ہوں کہ اس سال کافی بہتر انتظامات کئے گئے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘سول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز نے ایک دوسرے کے ساتھ تال میل کو یقینی بنایا ہے اور یاترا کے لئے مضبوط انتظامات کئے ہیں’۔
منوج سنہا نے کامیاب یاترا کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا: ‘ مجھے امید ہے کہ لوگ پچھلے سالوں کی نسبت زیادہ کامیابی سے یاترا کرنے میں کامیاب ہوں گے’۔
انہوں نے کہا: ‘ملک بھر سے آنے والے یاتری اور بھی بہتر تجربے کے ساتھ واپس جائیں گے’۔
قابل ذکر ہے کہ 38 دنوں پر محیط شری امرناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
یہ مقدس یاترا روایتی راستوں 48 کلو میٹر ننون پہلگام راستے اور 14 کلو میٹر بالتل راستے سے بہ یک وقت شروع ہوگی اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا 2 جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کے پہلے قافلے کو کشمیر کے لئے روانہ کریں گے۔
Comments are closed.