شدید گرمی میں طلبہ کے لیے ریلیف متوقع، حکومت جلد تعطیلات پر فیصلہ لے گی: سکینہ ایتو
سری نگر،11 جون
جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے بدھ کے روز کہا کہ وادی میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر حکومت اسکولوں کے لیے جلد تعطیلات کا اعلان کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم موسمی حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور صورتحال کے مطابق فیصلہ لیا جائے گا۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا:’ محکمہ تعلیم موجودہ موسمی حالات کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ اگر ہمیں محسوس ہوا کہ قبل از وقت تعطیلات دینا ضروری ہے، تو ہم اس پر فیصلہ لیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ:’ابھی صرف دو دن ہوئے ہیں جب گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ اگر یہ گرمی کی لہر برقرار رہی، تو حکومت جلد تعطیلات کے حوالے سے اقدام کرے گی۔‘
اس موقع پر وزیر موصوفہ نے کشمیر کی سیاحت سے متعلق بھی بات کی اور کہا:’کشمیر کی سیاحت دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ سیاح یہاں آئیں اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں۔ حکومت اس شعبے کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں سکینہ ایتو نے بتایا کہ ریاست میں ریزرویشن پالیسی پر غور کے لیے بنائی گئی کابینہ سب کمیٹی نے اپنی رپورٹ تیار کر لی ہے، جو جلد کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کے حوالے سے چھ ماہ کی مدت میں رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے، اور اب یہ کابینہ میں پیش کی جائے گی جہاں اس پر مزید غور و خوض ہوگا۔
Comments are closed.