کشمیر میں دو الگ الگ سڑک حادثوں میں 2 افراد کی موت ,5 دیگر زخمی
سری نگر،6جون
وادی کشمیر کے سری نگر اور پلوامہ اضلاع میں پیش آنے والے دو الگ الگ سڑک حادثوں میں 2 افراد کی موت جبکہ 5 دیگر زخمی ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے بلوارڈ روڈ پر نہرو پارک کے نزدیک گذشتہ شام دو گاڑیوں کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجےمیں ایک جوان کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے۔متوفی کی شناخت دانش احمد ساکن ہارون کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت پرویز میر ولد محمد افضل ساکن بارہمولہ، عامر وانی ولد عبدالرشید وانی ساکن بانڈی پورہ، یاسر احمد خان ولد عبدالحمید خان ساکن پٹن اور عابد حسن ولد غلام حسن ساکن وحدت پورہ بڈگام کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بنگلیہ علاقے میں ایک موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے پنگلیہ علاقے میں ایک موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر ضلع ہسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا جہاں موجود ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت امید نجار ساکن واشہ بگ پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت عنایت احمد وانی ساکن چھتہ پورہ پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔
Comments are closed.